بھٹکل2ْ؍جون (ایس او نیوز)چار جون کو پولیس والوں کی اجتماعی چھٹی اورمجوزہ ہڑ تال کے پس منظر عوام کے تحفظ اور بحالئ امن وامان کے لئے اعلیٰ پولیس افسران مختلف انتظامات میں لگے ہوئے ہیں۔اس سلسلے میں مبینہ طور پر اعلیٰ افسران نے پولیس اسٹیشنوں کو ہدایت جاری کردی ہے کہ ۴ جون کو پولیس کی غیر موجودگی میں ان کی ذمہ داریاں نبھانے کے لئے ڈیوٹی انجام دینے کے لئے محکمہ جنگلات کے افسران کی خدمات حاصل کی جائیں۔لیکن بھٹکل کا مسئلہ یہ ہے کہ یہاں محکمہ جنگلات افسران کی تعداد بہت ہی کم ہے۔اس لئے دوسرے مقامات کے افسران کو یہاں بلالینا ضروری ہوجاتا ہے۔اس کے علاوہ ایک خیال یہ بھی ہے کہ پولیس ہڑتال اگر عملاً ہوجاتی ہے تو پھر فرقہ وارانہ طور پر بھٹکل جیسے حساس علاقے میں مسائل کھڑے ہونے کے امکانات بھی اپنی جگہ موجود ہیں۔پتہ چلا ہے اس پہلو سے پولیس کے اعلیٰ افسران بہت زیادہ سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔دوسری طرف محکمہ جنگلات کے اے سی ایف نندیش ریڈی نے بتا یا کہ پولیس کی غیر موجود گی میں فاریسٹ افسران کی طرف سے ڈیوٹی انجام دینے کے ضمن میں ان کو کوئی بھی ہدایت تاحال موصول ہوئی ہے۔